اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار بھی وزیرِ اعظم کے ساتھ تھے۔ تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب سے مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستانی عوام اپنے سعودی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد کی قیادت میں مثالی صبر اور تحمل کو سراہا،
وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کی امن کوششوں سے متعلق حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا جس کی وجہ سے امریکہ ایران جنگ بندی ہوئی اور حال ہی میں اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے درمیان تاریخی مذاکرات کا دور ہوا۔ ولی عہد نے امن کے اس عمل میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے تعمیری کردار کو سراہا۔

دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے مملکت سعودی عرب کی مسلسل حمایت پر ولی عہد اور سعودی کی مخلصانہ کوششوں کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان منفرد تعلقات ہیں کیونکہ پاکستان اور سعودی عرب باہمی دفاعی معاہدے کے تحت اسٹریٹجک شراکت دار ہیں۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی تعاون جاری رکھنے کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔
رپورٹ جہانگیر خان