آباد نہ ہونے کے سبب مذکورہ عمارت کو نشے کے عادی افراد نے اپنی آماجگاہ بنا رکھا تھا
کراچی (ہوم ٹی وی نیوز) ناظم آباد حاجی مرید گوٹھ میں طویل عرصے سے بند اور غیر فعال جگہ کو نشے کے عادی افراد کی آماجگاہ سے تبدیل کرکے عوامی خدمت کے لیے باقاعدہ ڈسپنسری میں بدل دیا گیا ہے۔یہ منصوبہ کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی خصوصی کاوشوں سے پایۂ تکمیل کو پہنچا، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد اسامہ بن اشرف نے اس کی عملی تکمیل میں کلیدی کردار ادا کیا۔افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر وسطی طحہ سلیم، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔انتظامیہ کے مطابق اس مقام کو مکمل طور پر بحال کرکے “نصیر بکک ڈسپنسری” کا نام دیا گیا ہے، جہاں اب علاقے کے مکینوں کو بنیادی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ حکام نے بتایا کہ یہ صحت مرکز پولیو مہم سمیت دیگر صحت مند پروگرامز میں بھی اہم معاونت فراہم کرے گا۔علاقہ مکینوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے ایک مثبت اور دیرپا تبدیلی سے تعبیر کیا ہے۔