وفاقی حکومت آزاد کشمیرمیں ایمرجنسی لگانے کو سپورٹ نہیں کرے گی: وزیر پارلیمانی امور
وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتیں انشاء اللہ کم ہوں گی ، وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہونے پر ریلیف براہ راست عوام کو پہنچائیں ،پیٹرول کی قیمت کم ہو گی تو اس کا اثر ہر چیز پر پڑے گا۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے سماء ٹی وی کے پروگرام میں ’ میرے سوال‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آبادمیں سیفٹی پیرا میٹرز یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں،سی ڈی اے میں سیفٹی پیرا میٹرز پر زیرو ٹالرنس ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کا معاملہ اہم اور نازک ہے،سیاسی بیان بازی نہیں ہونی چاہیے،پیپلزپارٹی اور ہم آزاد کشمیر کے معاملے پر ایک ہیں،وفاقی حکومت کی پوری سپورٹ آزاد کشمیر حکومت کو فراہم کر رہے ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ آزاد کشمیر حکومت کو ایف سی دی،مزید سپورٹ فراہم کرنے کیلئے تیارہیں،پیپلزپارٹی حکومت آزاد کشمیر میں امن وامان اچھے طریقے سے کنٹرول کر رہی ہے،شرپسندی کی گئی تو آزاد کشمیر حکومت ایکشن لے گی،ہم ساتھ ہوں گے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ہماری کالعدم ایکشن کمیٹی سے ملاقات ہوئی،تشدد کوئی بھی حکومت برداشت نہیں کر سکتی،کالعدم ایکشن کمیٹی راولاکوٹ میں بیٹھی ہے،وہاں سے مارچ کی اجازت نہیں دی جائیگی۔
وزیر پارلیمانی امور کا کہناتھا کہ 27جولائی کو آزاد کشمیرمیں الیکشن ہونے ہیں،آزاد کشمیر کے مسئلے کا حل الیکشن ہیں،ملتوی نہیں ہوں گے،وفاقی حکومت آزاد کشمیرمیں ایمرجنسی لگانے کو سپورٹ نہیں کرے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلزپارٹی حکومت اور عوام بھی آزاد کشمیرمیں ایمرجنسی کی حمایت نہیں کرےگی، آزاد کشمیر الیکشن کروائے جائیں،نئی اسمبلی جو بھی فیصلہ کرے، بلاول بھٹو نے کہا آزاد کشمیرمیں بروقت الیکشن چاہتے ہیں۔
طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ ایک ضلع میں امن وامان خراب ہو تو الیکشن ملتوی ہو سکتے ہیں،ایسی مثالیں موجود ہیں،ابھی ہم آزاد کشمیر کے کسی ضلع میں الیکشن ملتوی کرنے کی بات نہیں کر رہے۔
اس وقت مسئلہ صرف راولاکوٹ میں ہے،ہم کوئی کارروائی نہیں چاہتے،مولانافضل الرحمان کو پیغام بھیجا گیا کہ راستہ نکالیں،مولانافضل الرحمان کو کہا تشدد نہیں چاہتے،مذاکرات کالعدم ایکشن کمیٹی نے بند کئے۔
کالعدم ایکشن کمیٹی دھرنا ختم کرے،الیکشن کا حصہ بنے،بات کر لے،آزاد کشمیرمیں افراتفری پھیلانا بھارت کا ایجنڈا ہے۔