عدالتی فیصلے کی روشنی میں بانی پی ٹی آئی کو فوری اسپتال منتقل کیاجائے،اپوزیشن قائدین
مولانافضل الرحمٰن نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی سے ملاقات کی جس دوران متحدہ اپوزیشن کا اتحاد بنانے پر اتفاق کر لیا گیا جبکہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔
مولانافضل الرحمٰن اور محمود اچکزئی کی ملاقات کے دوران سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجا ناصر عباس بھی موجود تھے۔ ملکی موجودہ سیاسی صورتحال اورپارلیمانی امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔ اپوزیشن جماعتوں کےباہمی تعاون اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر گفتگو ہوئی ۔ بانی پی ٹی آئی کی صحت کےحوالےسےشدید تشویش کااظہارکیا گیا۔
اپوزیشن قائدین نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں بانی کو فوری اسپتال منتقل کرکے علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ صحت کےمعاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ قومی اسمبلی اورسینیٹ میں اپوزیشن کےساتھ حکومتی رویئے اورطرز عمل پرتشویش کا اظہار کیا گیا۔ اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کہ جمہوریت میں اپوزیشن کی آواز کو سنا جاتا ہے، دبایا نہیں جاتا، میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا فیصلہ کیا گیا ہے کہ متحدہ اپوزیشن بنائی جائےگی۔ یہ پہلی نشست تھی،مزید مشاورت بھی ہوگی۔ اپوزیشن جماعتوں کےدرمیان رابطوں کو آگے بڑھایا جائےگا۔ اےپی سی پربھی بات ہونی چاہیے۔