مسئلہ کسی ورزش کا نہیں بلکہ مسلسل ورزش کرتے رہنا اصل چیلنج ہے، اداکارہ
بالی ووڈ کے مشہور اداکارہ شلپا شیٹی نہ صرف اپنی اداکاری کی وجہ سے جانی جاتی ہیں بلکہ ان کی شخصیت کا ایک اہم پہلو ان کی فِٹنس سے محبت بھی ہے۔
بھارتی میڈیا کو دیئے گئے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں شلپا شیٹی نے بتایا کہ وقت کے ساتھ ساتھ ان کی خوراک اور صحت کے بارے میں سوچ بھی تبدیل ہوئی ہے۔ شلپا شیٹی نے بتایا کہ ماضی میں وہ کیلوریز اور اس بات پر زیادہ توجہ دیتی تھیں کہ کیا کھانا چاہیے اور کیا نہیں لیکن اب ان کی سوچ تبدیل ہوچکی ہے۔
شلپا شیٹی کے بقول اب ان کی خوراک کا مقصد خود کو محدود کرنا نہیں بلکہ اپنے جسم کی ضروریات کو سمجھنا اور اسے مناسب غذائیت فراہم کرنا ہے۔
انھوں نے متوازن غذا سے متعلق انکشاف کیا کہ فٹنس کے سفر کے ابتدائی دور ہی میں پروٹین کی اہمیت کو سمجھ لیا تھا کیونکہ صرف ورزش کرنا کافی نہیں ہے۔
اداکارہ نے پروٹین کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پروٹین ان کی خوراک کا اہم حصہ ضرور ہے تاہم متوازن غذا کے لیے کیلشیم، وٹامن ڈی، اچھی چکنائیاں، کاربوہائیڈریٹس، مائیکرونیوٹرینٹس اور مناسب پانی بھی ضروری ہیں۔
شلپا شیٹی کا مزید کہنا تھا کہ متوازن غذا کے ساتھ طاقت بڑھانے والی ورزش، کارڈیو ایکسرسائز، جسم کی لچک، حرکت اور مناسب ریکوری بھی مجموعی فٹنس کا حصہ ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ وہ گھر میں کسی ایک مخصوص ڈائٹ کو سب پر مسلط کرنے کے بجائے خاندان کو متوازن اور صحت مند کھانے کی عادت ڈالنے کی کوشش کرتی ہیں۔
تاہم وہ بچوں کو پیزا یا میٹھا کھانے پر احساسِ جرم میں مبتلا نہیں کرنا چاہتیں۔ بچوں کا کھانے کے ساتھ ایسا صحت مند تعلق ہونا چاہیے جس میں وہ بعض غذاؤں سے خوفزدہ نہ ہوں۔
شلپا شیٹی نے اپنی فٹنس کا سب سے مشکل پہلو بتاتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کسی ایک مشکل ورزش کا نہیں بلکہ مسلسل ورزش کرتے رہنا اصل چیلنج ہے۔
ان کے بقول ان دنوں ورزش کے لیے خود کو تیار کرنا زیادہ مشکل ہوتا ہے جب انسان کا دل نہ چاہ رہا ہو لیکن باقاعدگی ہی فٹنس کے سفر میں سب سے اہم کردار ادا کرتی ہے۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ وہ یوگا، اسٹرینتھ ٹریننگ اور مختلف مشکل حرکات آزمانا پسند کرتی ہیں تاہم اب وہ اپنے جسم کی حدود کا پہلے سے زیادہ خیال رکھتی ہیں۔