عظمیٰ خان نے درخواست کی جلد سماعت کےلئے متفرق درخواست بھی دائر کردی
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر تحریک انصاف کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر اعتراضات دور ہونے کے بعد نمبر الاٹ کردیا گیا۔
بانی پی ٹی آئی کو نجی اسپتال منتقل کرنے کا معاملے پر سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے پی ٹی آئی کی توہین عدالت درخواست کو نمبر الاٹ کردیا۔
قبل ازیں درخواست پر توہین کے مرتکب افراد کو الزامات کی فہرست نہ بھیجنے کا اعتراض لگایا گیا تھا، جس پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے فہرست رجسٹرار آفس میں جمع کراکر اعتراضات دور کردیئے تھے۔
دوسری جانب درخواست گزار عظمیٰ خان نے درخواست کی جلد سماعت کے لئے متفرق درخواست بھی دائر کردی، درخواست کے مطابق انصاف کا تقاضا ہے کہ مقدمہ جلد از جلد مقرر کیا جائے، استدعا ہے کہ اسی ہفتے کے دوران کیس کو مقرر کیا جائے۔
اس سے قبل بیرسٹرگوہر نے کہا کہ رجسٹرار سپریم کورٹ سے فیسیلیٹشن سینٹر میں ملاقات ہوئی، رجسٹررار آفس کی جانب سے ہماری درخواست پر اعتراض عائد کیا گیا، اعتراض لگایا گیا کہ توہین کے مرتکب افراد کو الزامات کی لسٹ نہیں بھیجی گئی۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہم آج ہی اعتراض دور کر کے دوبارہ دائر کریں گے، آج ہی ہماری درخواست کو نمبر الاٹ ہوجائے گا، کل چھٹی ہے کوشش کریں گے پرسوں سماعت ہوجائے۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل سے اسپتال منتقلی کے معاملے پر پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔
درخواست میں بانی پی ٹی آئی کو عدالتی احکامات کے باوجود اسپتال منتقل نہ کرنے پر توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا کی گئی ہے، جواب دہندگان کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دے کر قانون کے مطابق سزا دینے کی استدعا کی گئی جبکہ بانی پی ٹی آئی کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست کی گئی۔
توہین عدالت کی درخواست میں وزیراعظم کو بھی فریق بنایاگیا ہے،اس کے علاوہ وفاقی وزیرقانون اور وزیراطلاعات، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی جیل خانہ جات کو بھی فریق بنایا گیا ہے، فریقین کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔