خطے کی صورتحال اور اسلام آباد ایم او یو پر عملدرآمد کا جائزہ  لیا گیا

مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام اور علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے قاہرہ میں پاکستان اور سعودی عرب سمیت 4 بڑے اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا۔ جس میں اسلام آباد معاہدے کو کشیدگی  میں کمی اور تنازعات کے حل کی جانب بڑی پیش رفت قرار دیتے ہوئے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہا گیا۔ اجلاس میں فلسطینی کاز کی حمایت ، خطے میں امن و خوشحالی کے لیے مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

خطے اور دنیا کو جنگوں سے بچانے اور خوشحالی لانے کی مشترکہ کوششوں کے سلسلے میں مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں چار علاقائی وزرائے خارجہ کا اہم اجلاس ہوا، پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے وزرا نے مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی مشاورت کی۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق اسلام آباد ایم او یو کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے خاتمے کی جانب مثبت اور تعمیری قدم قرار دیا گیا۔ افہام و تفہیم کے فروغ ، فریقین کے وعدوں پر عملدرآمد اور مذاکرات کے بعد کے مرحلے کو کامیاب بنانے پر زور دیا گیا۔ تاریخی پیش رفت تک پہنچنے کے لیے پاکستان کی اہم سفارتی کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *