امریکی ایندھن کے ذخائر، گوداموں اور فوجی بیرکوں کو نشانہ بنایا، ترجمان
ایرانی فوج نے جمعے کی صبح بحرین اور اردن میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے خودکش ڈرونز کے ذریعے بحرین میں واقع شیخ عیسیٰ اڈے پر امریکی فوج کی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی فوج کے مطابق ان حملوں میں ایندھن کے ذخائر، فوجی ساز و سامان کے گودام، ذخیرہ کرنے کی شیڈز اور امریکی فوجیوں کی رہائشی تنصیبات کو ہدف بنایا گیا۔
ایرانی فوج کا مزید کہنا ہے کہ اس نے ڈرونز کے ذریعے اردن کے الازرق اڈے پر امریکی فوج کے زیر استعمال طیاروں کے ہینگرز، طیاروں کی دیکھ بھال کے مراکز اور فوجیوں کی رہائش کے لیے استعمال ہونے والی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران کے جائز اور قانونی مفادات کے خلاف کسی بھی اقدام کے نتیجے میں خطے کے دیگر ممالک کے سلامتی اور معاشی مفادات متاثر ہوں گے۔