گلوکار نے سوشل اکاؤنٹ انسٹاگرام پر ویڈیو بھی شیئر کی جس میں انہیں کندھے پر پٹیاں باندھے دیکھا گیا ہے/ فوٹو اسکرین گریب
معروف بھارتی گلوکار سونو نگم نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اس وقت پنچڈ اعصابی تکلیف میں مبتلا ہیں۔
اس حوالے سے گلوکار نے سوشل اکاؤنٹ انسٹاگرام پر ویڈیو بھی شیئر کی جس میں انہیں کندھے پر پٹیاں باندھے دیکھا گیا ہے۔
سونو نگم نے کہا کہ انہوں نے ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین بھی کروائے ہیں، وہ اعصابی تناؤ میں مبتلا ہیں جس کے لیے انہوں نے گزشتہ ہفتے کئی طبی ٹیسٹ کرائے ہیں۔
گلوکار نے بتایا کہ وہ علاج کے دوران شدید درد کا سامنا کر رہے ہیں، تکلیف کی وجہ سے فزیو تھراپی سیشن بھی خاصے مشکل رہے اور وہ اس وقت تکلیف سے نمٹنے کے لیے پین کلر(pain killer) کا استعمال کررہے ہیں، ادویات کی وجہ سے ان کا گلا بھی تھوڑا بھاری ہوگیا ہے۔
پنچڈ اعصاب کیا ہے؟
پنچڈ اعصاب اس وقت ہوتی ہے جب کسی اعصاب پر ارد گرد کے ٹشوز جیسے ہڈیوں، مسلز، کنڈرا، کارٹلیج یا لیگامینٹس کے ذریعے ضرورت سے زیادہ دباؤ ڈالا جاتا ہے۔
یہ دباؤ اعصاب کے معمول کے کام کو متاثر کرتا ہے جس سے درد، جھنجھناہٹ، کمزوری اور دیگر غیر آرام دہ احساسات پیدا ہوتے ہیں۔
پنچڈ اعصاب جسم کے مختلف حصوں میں ہوسکتا ہے لیکن یہ عام طور پر گردن، کمر کے نچلے حصے، کلائیوں، کہنیوں اور کندھوں میں ہوتا ہے۔