حج کا مبارک دن عبادت گزاروں کے لئے اللہ تعالی کی رحمت اور فضل و کرم کے حصول کا بہترین موقع ہے،وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے حج کے روح پرور اور بابرکت موقع پرامت مسلمہ خصوصا حجاج کرام کومبارکباد دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہاحج کا مبارک دن عبادت گزاروں کےلئے اللہ تعالی کی رحمت اور فضل و کرم کےحصول کا بہترین موقع ہے،اللہ تعالیٰ حاجیوں اور تمام مسلمانوں کی عبادات کو قبولیت عطاء فرماۓ اوراسلامی اقدار کو اپنی عملی زندگی میں رائج کرنے کی توفیق دے۔
انہوں نے کہا حج کا پروقار اجتماع امت مسلمہ کے باہمی اتحاد اور اجتماعی ذمہ داری کے احساس کو اجاگر کرتا ہے،اسی جذبہ محبت و ایثار اور باہمی تعاون میں اصل قومی اور اجتماعی ترقی و خوشحالی کا راز پنہاں ہے۔
مزید کہا آج حج کی بابرکت اورمقدس ساعتوں میں پاکستان من حیث القوم دنیا بھر میں امن و سلامتی اور استحکام کے لیۓ دعا گو ہے،ہم اللہ کے حضور دست بدعا ہیں کہ عالمی امن، عدل و انصاف، رواداری اور بھائی چارہ کی فضا کو تقویت ملے تاکہ فلاح انسانیت اور اجتماعی بھلائی کے لیے کام ہو سکے۔ آمین! حج مبارک!