ٹیسٹ بارش کے بعد گیلے آؤٹ فیلڈ کے باعث مقررہ وقت پر شروع نہ ہو سکا
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پورٹ آف اسپین میں کھیلا جانے والا دوسرا ٹیسٹ بارش کے بعد گیلے آؤٹ فیلڈ کے باعث مقررہ وقت پر شروع نہ ہو سکا۔ ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 5 روزہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ اتوار کو کوئنز پارک اوول، پورٹ آف اسپین میں شروع ہونا تھا، تاہم بارش کے باعث آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے سے امپائرز نے کھیل روکا ہوا ہے۔ دونوں ٹیمیں میدان میں اترنے کے لیے تیار تھیں، لیکن میدان مکمل طور پر کھیل کے قابل نہ ہونے کے باعث انتظار جاری رہا۔
میچ کا ٹاس ویسٹ انڈیز نے جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ میزبان ٹیم کی قیادت روسٹن چیز کر رہے ہیں، جبکہ شائی ہوپ وکٹ کیپر کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔
پاکستانی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کے سپرد ہے، جبکہ محمد رضوان وکٹ کیپر کے طور پر شامل ہیں۔ اس ٹیسٹ میں اوپنر اویس ظفر اور فاسٹ بولر عبید شاہ نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا، جو پاکستان کے لیے اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
پاکستانی ٹیم میں ازان اویس، امام الحق، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، محمد رضوان، سلمان علی آغا، اویس ظفر ، علی عثمان، ساجد خان، محمد علی اور عبید شاہ شامل ہیں۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں ٹیگنرائن چندرپال، برینڈن کنگ، کیوم ہوج، شائی ہوپ، عامر جنگو، جسٹن گریوز، روسٹن چیز، جومیل واریکن، شامر جوزف، کیمار روچ اور جےڈن سیلز شامل ہیں۔
یہ مقابلہ پاکستان کے دورۂ ویسٹ انڈیز اور آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے۔ میچ 2 اگست سے 6 اگست 2026 تک کوئنز پارک اوول، پورٹ آف اسپین میں شیڈول ہے۔ پہلا ٹیسٹ میچ میزبان ٹیم ویسٹ انڈیز نے جیت رکھا ہے۔