لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جون2026ء) 299 روپے کے پٹرول کی اصل قیمت 211 روپے ہونے کاانکشاف، پٹرول اور ڈیزل پر عائد مختلف ٹیکسز کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع نے دعویٰ کیا کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 29 فیصد ٹیکس شامل ہے، ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت میں 88 روپے 7 پیسے ٹیکسز شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فی لیٹر پیٹرول کی قیمت میں 19روپے 32 پیسے کسٹم ڈیوٹی، 66 روپے 25 پیسے پیٹرولیم لیوی اور 2 روپے 50 پیسے کلائمیٹ سپورٹ لیوی شامل ہے۔ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق ایک لیٹر ڈیزل قیمت میں بھی 29 فیصد ٹیکسز شامل ہیں اور فی لیٹر ڈیزل قیمت میں 91روپے 15 پیسے کے ٹیکسز نافذ ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک لیٹر ڈیزل قیمت میں 15روپے 68 پیسے کسٹم ڈیوٹی، 72 روپے 97 پیسے کی لیوی اور 2 روپے 50 پیسے کلائمٹ سپورٹ لیوی شامل ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی کی نئی شرح کا بھی نوٹیفکیشن جاری کردیا اور لیوی کی نئی شرح 20 جون 2026 سے نافذ العمل ہوگی۔نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول پر ڈیولپمنٹ لیوی 40.49 روپے فی لیٹر کم کردی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول پر ریٹیل فروخت کے لیے پیٹرولیم لیوی 106.74روپے فی لیٹر سے کم کرکے 66.25 روپے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔ حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی 19.71روپے فی لیٹر بڑھا دی ہے اورریٹیل آؤٹ لیٹس کے ذریعے فروخت کے لیے پٹرولیم لیوی 53.26 روپے سے بڑھا کر72.97 روپے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔ ہائی آکٹین(ایچ او بی سی) پرپٹرولیم لیوی میں 214.49روپے فی لیٹر کمی کردی ہے، جس کے نتیجے میں ریٹیل سطح پر پیٹرولیم لیوی 305.74 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 91.25 روپے فی لیٹر کی سطح پر آگئی ہے۔