بحری تجارت میں اضافہ ملکی معیشت کے لیے مثبت اشارہ ہے، وزیر بحری امور
کراچی کی بندرگاہ نے 8 برس بعد دو ہزار جہازوں کی آمد کا اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مطابق مالی سال کے دوران کراچی پورٹ پر مجموعی طور پر 2003 جہاز لنگر انداز ہوئے، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔ جہازوں کی آمد میں گزشتہ سال کے مقابلے 7.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
بیان کے مطابق کراچی پورٹ پرجہازوں کی آمدگی کا مجموعی ٹنیج 8 کروڑ 44 لاکھ ٹن سے تجاوز کرگیا، گراس رجسٹرڈ ٹنیج میں 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
وفاقی وزیر بحری امور کا کہنا ہے کہ بحری تجارت میں اضافہ ملکی معیشت کے لیے مثبت اشارہ ہے، چیئرمین کے پی ٹی شاہد احد نے کہا کہ 1887 میں قائم کراچی پورٹ آج بھی ملک کا سب سے اہم بحری تجارتی گیٹ وے ہے۔ شپنگ سرگرمیوں اور آپریشنل کارکردگی میں بہتری سے تاریخی کامیابی حاصل ہوئی۔