کھیرے اور پودینے کا پانی جسم کو ٹھنڈک فراہم کرتا ہے

شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے دوران جسم میں پانی کی کمی یا ڈی ہائیڈریشن کے خطرات بڑھ جاتے ہیں، جس سے ہر سال ہزاروں افراد متاثر ہوتے ہیں۔ ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ طویل عرصے تک زیادہ درجہ حرارت میں رہنے سے جسم میں پانی اور ضروری الیکٹرولائٹس کی سطح تیزی سے کم ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں تھکن، چکر آنا اور گرمی سے متعلق دیگر بیماریاں جنم لے سکتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق صرف پانی پینا ہی کافی نہیں بلکہ جسم میں ضائع ہونے والے الیکٹرولائٹس کی کمی کو بھی پورا کرنا ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے پیک شدہ جوسز اور کاربونیٹڈ مشروبات کے بجائے قدرتی الیکٹرولائٹس سے بھرپور مشروبات کے استعمال کی سفارش کی ہے۔

ماہرین نے گرمیوں میں جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے کے لیے سات قدرتی مشروبات کو انتہائی مؤثر قرار دیا ہے۔

ناریل کا پانی

فہرست میں سرفہرست ناریل کا پانی ہے، جسے قدرتی الیکٹرولائٹ ڈرنک سمجھا جاتا ہے۔ ایک کپ ناریل کے پانی میں تقریباً 600 ملی گرام پوٹاشیم، 60 ملی گرام میگنیشیم اور 252 ملی گرام سوڈیم موجود ہوتا ہے، جو جسم میں پانی کی مقدار برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

تربوز کا جوس

دوسرے نمبر پر تربوز کا جوس ہے جو پوٹاشیم، میگنیشیم اور وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے۔ اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس جسم کو فری ریڈیکلز سے محفوظ رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

لیموں پانی

لیموں پانی بھی گرمیوں کا ایک روایتی اور مفید مشروب قرار دیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر اس میں چٹکی بھر سمندری نمک شامل کر دیا جائے تو اس کے الیکٹرولائٹ فوائد مزید بڑھ جاتے ہیں اور ڈی ہائیڈریشن سے بچاؤ میں مدد ملتی ہے۔

گھرمیں تیار کردہ سپورٹس ڈرنکس

ماہرین نے بازار میں دستیاب اسپورٹس ڈرنکس کے بجائے گھر میں قدرتی اسپورٹس ڈرنک تیار کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔ ان کے مطابق تازہ مالٹے کے جوس میں پانی، تھوڑا سا سمندری نمک اور معمولی مقدار میں شہد یا اگاوے سیرپ شامل کرکے ایک صحت بخش اور کم چینی والا الیکٹرولائٹ مشروب تیار کیا جا سکتا ہے۔

کھیرے اور پودینے کا پانی

کھیرے اور پودینے کا پانی بھی گرمی کے موسم میں مفید قرار دیا گیا ہے۔ کھیرے میں پوٹاشیم، میگنیشیم اور دیگر ضروری غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں جبکہ پودینہ جسم کو ٹھنڈک فراہم کرتا ہے اور ہائیڈریشن برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

ایلوویرا جوس

ایلو ویرا جوس کو بھی ماہرین نے مفید قرار دیا ہے کیونکہ اس میں وٹامنز، منرلز اور امائنو ایسڈز پائے جاتے ہیں جو جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے کے ساتھ نظامِ ہاضمہ کی بہتری میں بھی مدد دیتے ہیں۔ تاہم ماہرین نے بغیر چینی اور مصنوعی ذائقوں والے خالص ایلو ویرا جوس کے استعمال کی ہدایت کی ہے۔

ہربل چائے

فہرست میں آخری نمبر پر ہربل چائے شامل ہے، جو الیکٹرولائٹس سے بھرپور جڑی بوٹیوں سے تیار کی جاتی ہے۔ یہ جسم میں سیال مادوں کا توازن برقرار رکھنے اور ٹھنڈک کا احساس فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *