ایڈیشنل آئی جی کی جانب سے پولیس کی کارکردگی کی تعریف، اہلکاروں کے لئے نقد انعام اور تعریفی اسناد کا اعلان

کراچی: (ہوم ٹی وی نیوز)
ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے جوہر موڑ کے قریب ڈکیتی مزاحمت کے دوران شہری کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کی دو روز میں گرفتاری پر ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کی کارکردگی کو سراہا ہے۔واضح رہے کہ دو روز قبل جوہر موڑ کے قریب ملزمان نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک شہری کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا، جس کا مقدمہ تھانہ شارعِ فیصل میں درج کیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے خفیہ اطلاع پر ڈالمیہ قبرستان کے قریب چھاپہ مارا، جہاں ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔جوابی کارروائی میں ایک ملزم جمال ولد عالم شاہ کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ضابطے کی کارروائی جاری ہے اور مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ڈی آئی جی ایسٹ، ایس ایس پی ایسٹ، ایس ایچ او شارعِ فیصل اور پولیس ٹیم کو شاباشی دیتے ہوئے ان کے لیے نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے، اور ہدایت کی ہے کہ فرار ملزم کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *