ڈی آئی جی عرفان بلوچ کی ہدایت پر تیموریہ پولیس کی کارروائی، چھینی ہوئی رقم برآمد کراچی: (ہوم ٹی وی نیوز )
ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے تھانہ تیموریہ کی حدود میں آئل ڈسٹریبیوشن کے کیش سے متعلق تقریباً 29 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی واردات کو محض 24 گھنٹوں میں ٹریس کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق 20 اپریل 2026 کو مدعی کی جانب سے 29 لاکھ 8 ہزار 450 روپے نقدی ڈکیتی کی اطلاع دی گئی تھی، جس پر مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ اس معاملے کا نوٹس ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے لیا، اور ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کی ہدایت پر ایس ایچ او تیموریہ، آئی ٹی، سی سی ٹی وی اور انٹیلیجنس اسٹاف پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔پولیس ٹیم نے ٹیکنیکل ٹریسنگ، ہیومن انٹیلیجنس اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان تمیم اظہر، عبدالمنان اور محمد وقاص—کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 21 لاکھ روپے نقدی، اسلحہ اور واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی۔ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ واردات کا ماسٹر مائنڈ خود مدعی کمپنی کا ملازم تمیم اظہر تھا، جو گزشتہ کئی برسوں سے آئل ڈسٹریبیوشن میں بطور بوکر کام کر رہا تھا۔ ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر منصوبہ بندی کی اور واردات سے ایک روز قبل ریکی بھی کی، جس کی تصدیق سی سی ٹی وی فوٹیج سے ہوئی۔تحقیقات سے معلوم ہوا کہ اصل رقم 21 لاکھ روپے تھی جبکہ باقی رقم کو بڑھا چڑھا کر ظاہر کیا گیا تھا۔ پولیس نے چھینی گئی اصل رقم برآمد کر لی ہے۔