نوجوانوں میں کتب کے مطالعے کا رحجسن پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ وزیراعلی سندھ کا عالمی یوم کتب کے موقع پر پیغام

کراچی:(ہوم ٹی وی نیوز)
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کتابیں علم، شعور اور تہذیبوں کے درمیان مضبوط ربط کا بنیادی ذریعہ ہیں، اور نوجوان نسل میں مطالعے کی عادت کو فروغ دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔وزیراعلیٰ نے عالمی یومِ کتب و کاپی رائٹ کے موقع پر پیغام میں کہا کہ مطالعہ انسان کی فکری اور تخلیقی صلاحیتوں کو جِلا بخشتا ہے، جبکہ کتابیں نسلوں اور ثقافتوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اردو اور سندھی ادب کو عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، اور سندھی کتابیں ہماری تاریخ، شناخت اور ثقافت کا قیمتی سرمایہ ہیں۔انہوں نے کاپی رائٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تخلیق کاروں کے حقوق کا تحفظ ناگزیر ہے، اور اقوام متحدہ کے اصولوں کے مطابق علمی و ادبی کام کے احترام کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ غیر قانونی اشاعت اور مواد کی چوری کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مصنفین، شعرا اور فنکاروں کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔دریں اثنا، انگریزی زبان کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں سید مراد علی شاہ نے کہا کہ انگریزی عالمی رابطے، تعلیم اور سفارتکاری کی اہم ترین زبان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ دن عظیم انگریز ادیب ولیم شیکسپیئر کی خدمات کے اعتراف میں منایا جاتا ہے، جنہوں نے انگریزی زبان کو نئے الفاظ اور محاوروں سے مالا مال کیا۔ ہسپانوی زبان کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ زبانیں تہذیبوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے ہسپانوی زبان کو عالمی ثقافت، ادب اور تاریخ کی نمائندہ زبان قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن معروف ادیب میگوئل ڈی سروینٹس کی خدمات کے اعتراف میں منایا جاتا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ نوجوانوں کو مقامی زبانوں کے ساتھ ساتھ عالمی زبانوں پر بھی عبور حاصل کرنا چاہیے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *