کراچی (ہوم ٹی وی نیوز ڈیسک)
پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے شہر کے علاقوں زیبو گوٹھ بلوچ کالونی، اورنگی ٹاؤن میں جرائم پیشہ “دارو گروہ” کے خلاف کریک ڈاؤن کیا اور گروہ کے 5 اہم افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں اصغر عرف باغیچہ، عبدالوحید عرف سنیل، ظہور عرف علی، گلزار عرف کُراڑو اور عرفان علی شامل ہیں، جو ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔ ملزمان کے قبضے سے 3 موبائل فون اور نقدی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ ملزمان نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ وہ گزشتہ 3 سے 4 برسوں میں 200 سے زائد موٹرسائیکلیں، 300 سے 400 موبائل فونز اور تقریباً 50 سے 60 لاکھ روپے چھیننے کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔ چھینا گیا سامان شہر کے مختلف علاقوں میں سستے داموں فروخت کیا جاتا تھا۔دوران تفتیش ملزمان نے اعتراف کیا کہ عبدالوحید عرف سنیل اور ظہور عرف علی نے اورنگی ٹاؤن میں دو الگ الگ ڈکیتیوں کے دوران مزاحمت پر ایک خاتون اور ایک تاجر کو گولیاں ماریں، جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے تھے۔رینجرز کے مطابق گروہ کے دو دیگر ملزمان پہلے ہی پولیس کی تحویل میں ہیں جبکہ باقی ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔گرفتار ملزمان کو برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔