کراچی (رپورٹ زاہد کیرانی) آغوش ہوم ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام مدرز ڈے کے موقع پر آغوش ہوم میں ایک پُروقار، جذباتی اور یادگار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں آغوش ہوم کی رہائشی ماؤں اور جسمانی معذوری کا شکار یتیم بچیوں کے ساتھ محبت، احترام اور عقیدت کا اظہار کیا گیا۔ آغوش ہوم گزشتہ 25 برس سے اپنی صدر محترمہ شگفتہ صبا کی قیادت میں بے سہارا بزرگ خواتین اور خصوصی یتیم بچیوں کی خدمت انجام دے رہا ہے۔
تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی اور آغوش ہوم کی خدمات کو انسانیت کی عظیم مثال قرار دیا۔ تقریب میں بیرسٹر شاہدہ جمیل، گرین وچ یونیورسٹی کی چانسلر سیما مغل، آئی او بی ایم کے فیلو سفیر (ر) حسن حبیب، عبدالرؤف تابانی، پاکستان میں معروف آیورویدک ڈاکٹر ڈاکٹر ناصر سلیم ناساکا، سابق چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم پراجیکٹ اور سیکریٹری جنرل ایشیا پیسیفک ہاؤسنگ آرگنائزیشن ضیغم محمود رضوی، بریگیڈیئر (ر) کرار حسین، پاپولر گروپ کے صائم جنید ملک، نیشنل بینک آف پاکستان کے سینئر نائب صدر علی زیب، معروف ماہرِ معاشیات عتیق الرحمٰن، حاجی مسعود پاریکھ، مہوش پاریکھ، شکیل بیگ، معروف مصور جمی انجینئر، نعمان احمد، منظر نقوی اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے محترمہ شگفتہ صبا اور آغوش ہوم ٹرسٹ کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے آغوش ہوم کی رہائشی ماؤں اور بچیوں کے ساتھ وقت گزارا اور مدرز ڈے کا کیک کاٹا۔