اقدام کا مقصد سرکاری اسپتالوں میں زچگی کی سہولیات کی حوصلہ افزائی کرنا ہے
بھارت کی ریاست تامل ناڈو میں حکومت کی جانب سے بچے کی پیدائش پر سونے کی انگوٹھی بطور تحفہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تامل ناڈو کے وزیر اعلیٰ وجے نے ‘تھائی ممن گولڈ رنگ اسکیم’ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت اس اسکیم کیلئے سالانہ 755.83 کروڑ بھارتی روپے مختص کرے گی۔
اسکیم کے تحت ریاست کے سرکاری اسپتال میں پیدا ہونے والے بچوں کو ایک گرام کی سونے کی انگوٹھی بطور تحفہ دی جائے گی۔ رواں ماہ کی 22 تاریخ کو سرکاری اسپتالوں میں پیدا ہونے والے بچے اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے جبکہ اس اسکیم کا باقاعدہ آغاز 15 ستمبر کو کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد نومولود بچوں اور ان کے خاندانوں کے لیے خوشی کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ سرکاری اسپتالوں میں زچگی کی سہولیات کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔