ہیومن فریج کا مقصد شدید گرمی میں ہیٹ ایگزاسشن کے خطرات کو کم کرنا ہے

موسمیاتی تبدیلی، گلوبل وارمنگ اور دنیا بھر میں بڑھتی شدید گرمی کے پیشِ نظر جاپان نے ایسا جدید کولنگ سسٹم تیار کرلیا ہے، جو چند ہی منٹ میں انسانی جسم کا درجہ حرارت کم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

جاپانی کمپنی نے صنعتی آلات بنانے والی کارپوریشن کے تعاون سے تیار کیے گئے اس جدید یونٹ کو ’ہیومن فریج‘ کا نام دیا ہے۔ یونٹ میں طاقتور ٹھنڈی ہوا کے ذریعے پورے جسم کو تیزی سے ٹھنڈک پہنچائی جاتی ہے، جس کا مقصد شدید گرمی میں ہیٹ ایگزاسشن کے خطرات کو کم کرنا ہے۔

تقریباً 7 فٹ بلند اور 3.9 فٹ چوڑے اس یونٹ کی شکل وینڈنگ مشین یا ریفریجریٹر سے مشابہ ہے۔ یونٹ کے اندر داخل ہونے والا شخص صرف 10 منٹ میں جسم کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی محسوس کرسکتا ہے۔

نظام کے اندر درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ برقرار رکھا جاتا ہے، جبکہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ کی ٹھنڈی ہوا سر، گردن، کندھوں اور کمر پر براہِ راست ڈالی جاتی ہے۔

صارف کی حفاظت کے لیے یونٹ میں خودکار حفاظتی نظام بھی نصب ہے، جو 20 منٹ بعد اسے خود بخود بند کردیتا ہے۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ’ہیومن فریج‘ دنیا کا اپنی نوعیت کا پہلا کولنگ سسٹم ہے، جو پورے جسم کو بیک وقت ٹھنڈا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یونٹ کی قیمت تقریباً 15 لاکھ جاپانی ین، یعنی 10 ہزار امریکی ڈالر سے زائد مقرر کی گئی ہے، جبکہ اسے چلانے پر تقریباً 16 جاپانی ین فی گھنٹہ خرچ آتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *