ممبئی(18 جولائی 2026): بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری دیواجیت سائیکیا نے روہت شرما کی ون ڈے سے ریٹائرمنٹ کی خبروں کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی کے سیکرٹری نے افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ بورڈ میں روہت شرما کی ریٹائرمنٹ سے متعلق کسی قسم کی کوئی بات چیت نہیں ہوئی، لہٰذا لارڈز میں کھیلا جانے والا تیسرا ون ڈے ان کا آخری انٹرنیشنل میچ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ روہت شرما ٹیم کے انتہائی اہم کھلاڑی اور ون ڈے اسکواڈ کے مستقل رکن ہیں، اور جب تک وہ ٹیم کے منصوبوں کا حصہ ہیں، ملک کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت پوری ٹیم کی توجہ انگلینڈ کے خلاف اہم میچ پر مرکوز ہے، اس لیے ایسی قیاس آرائیوں پر توجہ دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بعض بھارتی میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ سلیکٹرز نے 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے پیش نظر تجربہ کار اوپنر روہت شرما کے بغیر مستقبل کی منصوبہ بندی کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے باعث لارڈز ون ڈے ان کا آخری بین الاقوامی میچ ہو سکتا ہے۔
روہت شرما کے مستقبل سے متعلق ان افواہوں نے اس وقت زور پکڑا تھا جب وہ انگلینڈ کے خلاف ابتدائی دو ون ڈے میچز میں بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے تھے۔
انہوں نے انگلش ٹیم کے خلاف پہلے ون ڈے میں 11 اور دوسرے ون ڈے میں محض 26 رنز بنائے تھے، جس کے بعد سوشل میڈیا اور میڈیا پر ان کی فارم اور مستقبل کے حوالے سے سوالات اٹھائے جانے لگے تھے، تاہم اب کرکٹ بورڈ نے ان تمام خبروں کو سچائی سے دور قرار دے دیا ہے۔