فرانس میں18جون سے اب تک 40 افراد ڈوب کرہلاک ہوچکے ہیں

یورپ کے مختلف ممالک اس وقت شدید اور غیرمعمولی گرمی کی لہر کی زد میں ہیں، جس کے باعث جانی نقصان اور روزمرہ زندگی متاثر ہونا شروع ہو گئی ہے۔

فرانس میں شدید گرمی کے نتیجے میں دو بچوں سمیت 20 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ 18 جون سے اب تک 40 افراد ڈوب کر ہلاک ہو چکے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ افراد گرمی سے بچنے کے لیے پانی میں گئے تھے جہاں مختلف حادثات کے باعث ڈوب گئے۔

فرانس کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت 43.3 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے، جبکہ اسپین میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اسپین کے باسک خطے میں بھی درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اٹلی میں شدید گرمی کے پیش نظر 12 بڑے شہروں میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب جرمنی میں گرمی سے بچنے کی کوشش کے دوران 6 افراد ڈوب کر ہلاک ہو گئے، جبکہ ملک میں درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

برطانیہ کے محکمہ موسمیات نے بھی شدید گرمی کے باعث ریڈ ویدر وارننگ جاری کر دی ہے۔

شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر متعدد یورپی ممالک نے عوامی تقریبات اور ٹرانسپورٹ سروسز کو محدود کرنا شروع کر دیا ہے، جبکہ کئی ممالک میں اسکول بند کرنے کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔

حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شدید گرمی کے دوران غیرضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *