ارض مقدس میں اب تک 8 لاکھ 60 ہزار حجاج کرام پہنچ چکے ہیں جن میں 8 لاکھ 20 ہزار فضائی راستے سے، 2 لاکھ 40 ہزار ’روڈ ٹو مکہ‘ اقدام کے ذریعے، 35 ہزار زمینی سرحدی راستوں سے، جبکہ 4 ہزار سے زائد سمندری راستے سے آئے ہیں،وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ کا پریس کانفرنس سے خطاب جدہ ۔رپورٹ جہانگیر خان ۔وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود حجاج کرام کی خدمت کو اولین ترجیح دیتے ہیں اور تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں تاکہ عازمین حج اپنے مناسک آسانی اور اطمینان کے ساتھ ادا کر سکیں اور یہ سب وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ہو- انہوں نے بتایا کہ حج، عمرہ اور زیارت کے نظام میں ایک سو سے زائد اقدامات کے ذریعے نمایاں تبدیلی آئی ہے، جنہوں نے سفر کو آسان بنانے، خدمات کا معیار بہتر کرنے اور حاجیوں و معتمرین کے تجربے کو مزید بہتر بنانے میں کردار ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ آنے والے تمام حجاج کو ’نسک کارڈ‘ فراہم کر دیئے گئے ہیں تاکہ ان کا سفر آسان ہو سکے۔
اس سال پہلی مرتبہ ’حاجی بغیر بیگ‘ اقدام کو تمام بیرونِ ملک حجاج تک توسیع دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ حاجیوں کے ایئرپورٹ امیگریشن اور دیگر کارروائیوں کا دورانیہ 120 منٹ سے کم کرکے صرف 15 منٹ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حج کمپنیوں کے کاموں کی مسلسل زمینی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ مقامات کی تیاری اور ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
نسک ایپ اب ایک عالمی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی حیثیت اختیار کر چکی ہے، جس کے دنیا بھر میں 5 کروڑ 10 لاکھ سے زائد صارفین ہیں جبکہ اس سال یہ حجاج کو 130 سے زائد ڈیجیٹل خدمات فراہم کر رہی ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے وزیر حج نے بتایا کہ رائل کمیشن نے مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں 25 سے زائد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے ہیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 100 فیصد زیادہ ہیں۔

ان منصوبوں میں جبلِ رحمت کے اطراف 2 لاکھ 72 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر سایہ اور ٹھنڈک کے انتظامات شامل ہیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 5 گنا زیادہ ہیں، جبکہ مشاعر مقدسہ میں آرام گاہوں کی تعداد میں بھی 220 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *