وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک سے آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی جس دوران وائٹ آئل پائپ لائن کوٹے، فریٹ فارمولے اور کرائیوں میں اضافے کے مطالبات کا جائزہ لیا، مسائل کے حل کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا حکومت کی اولین ترجیح عوام کو بلا تعطل ایندھن کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں تمام مسائل باہمی مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیرِ پیٹرولیم نے اسپیشل سیکرٹری پیٹرولیم کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کر دی۔ کمیٹی میں ڈی جی آئل، اوگرا اور ایسوسی ایشن کے نمائندے شامل ہوں گے۔ کمیٹی ایک ہفتے میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔
علی پرویز ملک نے اوگرا کو ہدایت کی کہ ٹینکرز مالکان کے جائز مطالبات ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں ، جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو فریٹ کنٹریکٹس کی تحریری پالیسی جمع کرانے کا کہا گیا ہے۔ اوگرا کو آئل ٹینکرز کی مؤثرٹریکنگ اور ڈیلرزکی گاڑیوں کو پرائمری ٹرانسپورٹیشن سے الگ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے عوام کو بلا تعطل ایندھن کی فراہمی یقینی بنانا حکومت کی ترجیح قرار دی۔ صدر آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن عابداللہ آفریدی نے کہا کہ تین سال ہوگئے ہیں ہمارے کرائے نہیں بڑھے۔ وزیر پٹرولیم نے ہمارے مسائل کے حل کیلئے سات دن کا وقت لیا ہے۔