پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ باصلاحیت و نامور میزبان و اداکار توثیق حیدر اور اداکارہ فرح سعدیہ نے سوشل میڈیا پر اپنے نکاح کی زیرِ گردش خبروں کو مسترد کردیا۔
حال ہی میں فرح سعدیہ اور توثیق حیدر نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ بعض یوٹیوبرز محض زیادہ ویوز اور سنسنی پھیلانے کے لیے ایسی بے بنیاد خبریں نشر کررہے ہیں۔
اس حوالے سے ہوئے توثیق حیدر اور فرح سعدیہ نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ تو ہم خوشی خوشی شادی کر چکے ہیں، ہم خود یہ خبر آپ تک پہنچانا چاہتے تھے لیکن بدقسمتی سے ہمارے نام نہاد پیشہ ور اور نہایت محنتی یوٹیوبرز نے پہلے ہی یہ خبر بریک کردی۔
توثیق حیدر نے مزید کہا کہ جب میں صبح اٹھا تو معلوم ہوا کہ میری فرح سے شادی ہو چکی ہے، شادی کی تصویر بھی کمال کی تھی، میں بڑا خوبصورت دلہا لگ رہا تھا اور ہمیں دلہا دلہن بنا کر پیش کیا گیا تھا، اگر آپ نے اس خبر سے 2 لاکھ روپے کما لیے ہیں تو کم از کم 50 ہزار روپے سلامی ہی بھیج دیں، آخر آپ ہماری وجہ سے اتنی آمدنی حاصل کر رہے ہیں، تو یہ ایک اچھا کاروباری معاہدہ بھی ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنی زندگی سے خوش ہیں، میں نے غیر شادی شدہ رہ کر یہ سیکھا کہ شادی نہیں کرنی چاہیے جب کہ فرح نے شادی کے بعد یہ سیکھا کہ یہ ہمارے لیے موزوں نہیں۔
فرح سعدیہ نے بھی اس معاملے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں یہ خبر سن کر حیران رہ گئی، مجھے یقین ہی نہیں آیا، انہیں ہمیں بھی سلامی دینی چاہیے کیونکہ وہ ہمارے بارے میں جھوٹی خبریں چلا کر اپنے چینلز چلا رہے ہیں، یہ مناسب طرزِ عمل نہیں ہے، ہماری فیملیز، بچے اور والدین ہیں، لوگ ہم سے اس حوالے سے سوالات کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خدارا ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، دوسروں کی ذاتی زندگیوں کے بجائے اپنی زندگی پر زیادہ توجہ دیں، ہم اچھے دوست ہیں اور ہمیشہ دوست ہی رہیں گے۔