سروس میں خامیوں پرموبائل آپریٹرزکو30روزمیں ضروری اقدامات کی ہدایت
موبائل کمپنیوں کی غیر معیاری سروس اور کوریج پر پی ٹی اے نے آپریٹرز کو خامیاں دور کرنے کیلئے 30 دن کی مہلت دے دی۔ گزشتہ 4 برس میں 3 ارب 41 کروڑ روپے جرمانے عائد کیے گئے۔
ملک بھر میں موبائل سروس کے معیار اور کوریج میں بہتری کیلئے پی ٹی اے نے ریگولیٹری کارروائیاں تیز کردیں۔ پی ٹی اے نے سروس میں خامیوں پر موبائل آپریٹرز کو 30 روز میں ضروری اقدامات کرنے اور خرابیوں کی وجوہات کا تعین کرکے اصلاحی پلان جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
پی ٹی اے نے خبردار کیا ہے کہ خامیاں دور نہ کرنے والے آپریٹرز کے خلاف مزید سخت کارروائی کی جائے گی۔
دستاویز کے مطابق گزشتہ 4 برس کے دوران موبائل کمپنیوں کو 3 ارب 41 کروڑ روپے جرمانے عائد کیے گئے جبکہ کوالٹی آف سروس اور کوریج کی خلاف ورزیوں پر 20 وارننگ لیٹرز اور 86 شوکاز نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔